اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

پانی ضائع کرنے والوں پر جرمانہ عائد

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بڑھتی ہوئی پانی کی قلت کو دیکھتے ہوئے مقامی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پانی ضائع کرنے والے گھروں پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

یہ فیصلہ اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ارکان کی آٹھویں میٹنگ میں کیا گیا جس کا تمام افراد نے خیر مقدم کیا۔

اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز کی جانب سے کیے جانے والے اس فیصلے کے تحت ان تمام گھروں پر 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا جو پانی کا غیر ضروری استعمال اور اسے ضائع کرتے ہوئے پائے جائیں گے۔

- Advertisement -

مزید پڑھیں: پانی کی بچت کرنے والا نلکا

تاہم اس بات کا تعین نہیں کیا گیا کہ پانی کا حساب چیک کرنے کے لیے کیا معیارات و اقدامات استعمال کیے جائیں گے۔

اسلام آباد کے یوسی ناظمین کا کہنا ہے کہ ان کے سیکٹرز میں پانی کی فراہمی کا ایک بڑا ذریعہ ٹیوب ویل ہیں۔ تاہم بیشتر ٹیوب ویل خستہ حال اور ناکارہ ہیں جس کی وجہ سے پانی کی فراہمی بے حد کم ہوگئی ہے۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر صورتحال یہی رہی تو اگلے سال گرمیوں کے موسم میں پانی کی شدید کمی واقع ہوجائے گی جب پانی کی طلب میں اضافہ ہوجائے گا۔

مزید پڑھیں: پانی کو مضر صحت اجزا سے پاک کرنے کا آسان طریقہ

اسلام آباد میں پانی کی قلت کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے ڈپٹی میئر ذیشان نقوی نے ہر دو یونین کونسلز کے درمیان ربڑ ڈیم بنانے کا خیال بھی پیش کیا۔ یہ ربڑ کے بڑے بڑے پائپ ہوتے ہیں جو آبی ذرائع جیسے دریا، ندی یا بہر میں بچھا دیے جاتے ہیں اور یہ پانی کی رسد فراہم کرتے ہیں۔

دوسری جانب دارالحکومت میں نکاسی آب کی خراب صورتحال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے میئر شیخ انصر عزیز کا کہنا تھا کہ وہ شہر میں نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لیے بھی اقدامات اٹھا رہے ہیں جس کے نتائج بہت جلد ظاہر ہونا شروع ہوجائیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں