بھارتی ریاست آسام سے تعلق رکھنے والی مسلم طالبہ نے بغیر کسی استاد کے اسلامی کیلی گرافی کے فن میں کمال مہارت حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق 25 سالہ سونم گِل بھارتی ریاست آسام سے تعلق رکھتی ہیں اور انہوں نے بغیر کسی استاد سے تربیت لیے اسلامی کیلی گرافی کے ایسے شاہکار نمونے تخلیق کیے ہیں کہ دیکھنے والے کی نظر دنگ رہ جاتی ہے۔
سونم گل پیشے کے اعتبار سے سول انجینئر ہیں۔ اس باکمال فنکارہ نے کاؤنسلنگ سائیکالوجی میں ڈپلومہ بھی کیا ہےاور اسٹوڈنٹس کی کاؤنسلنگ کے فرائض بھی انجام دیتی ہیں۔
سونم کے فن پاروں میں قرآنِ پاک کی آیا ت کو اس قدر ایمان افروز انداز میں پرویا گیا ہے کہ دیکھنے والی کی آنکھیں خیرہ رہ جاتی ہیں۔
پاکستانی نژاد کیلی گرافر سے متاثر
اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیلی گرافی میں وہ ہالینڈ میں مقیم پاکستانی نژاد ماہ رخ خان سے بے پناہ متاثرہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک سال قبل انہوں نے عرب کیلی گرافر عبدالعزیز الامیر سے متاثر ہوکر عربی کیلی گرافی شروع کی جسے بے پناہ پذیرائی مل رہی ہے۔
یاد رہے کہ بھارت میں ان دنوں ہندو مذہبی شدت پسندی اپنے عروج پر ہے اوروہاں سے لگاتار مسلمان مخالف خبریں موصول ہوتی ہیں۔ ایسے ماحول میں ایک مسلمان لڑکی کا یوں نمایاں ہوکر سامنے آنا حبس کے ماحول میں تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوگا۔