لاہور: صوبہ پنجاب کے 21 نجی اسپتالوں میں کرونا وائرس کے مریضوں کے علاج کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں اکیس نجی اسپتالوں میں کرونا سے متعلق تیاریاں مکمل کر لی گئیں، پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے کرونا کے علاج کے لیے ہونے والے انتظامات کا خصوصی جائزہ بھی لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق لاہور کے 13، فیصل آباد اور ملتان میں 2،2، گوجرانوالہ میں 3 نجی اسپتالوں میں آئسولیشن وارڈز قائم کیے گئے ہیں، راولپنڈی کے ایک اسپتال میں آئسولیشن وارڈ اور آئی سی یو قائم کیا گیا۔
کورونا سے پاکستان میں 50 اموات، مریضوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز
ان اسپتالوں میں کرونا مریضوں کے لیے 322 بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی سہولت مہیا کی گئی ہے، 16 نجی اسپتالوں میں کرونا مریضوں سے متعلق رپورٹنگ نظام بھی فعال کرا دیا گیا، ترجمان ہیلتھ کیئر کمیشن کا کہنا تھا کہ نجی اسپتال محکمہ صحت کو ڈیش بورڈ کی رسائی دیں گے اور معلومات فراہمی کے پابند ہوں گے۔
خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کرونا سے متعلق تازہ ترین اپ ڈیٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3277 تک پہنچ گئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 397 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 1493، سندھ میں 881 کیسز رپورٹ ہوئے، خیبر پختون خوا میں 405، بلوچستان سے 191 کیسز، اسلام آباد 82، آزاد کشمیر 15، گلگت بلتستان میں 210 کیسز رپورٹ ہوئے۔