راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے 6ستمبر2018 کی مرکزی تقریب رات 8 بجے سے براہ راست نشر ہوگی، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ خطاب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یوم دفاع و شہدا کی مرکزی تقریب کا پرومو جاری کردیا، جس میں مرکزی تقریب کی جھلکیاں دکھائی گئی ہے۔
نئی ویڈیو کے مطابق تقریب کا آغاز قومی ترانے اور تلاوت کلام پاک سے ہوگا، تقریب میں وطن سے عشق اورقومی جذبے کی کہانی سےحاضرین کو آگاہ کیا جائے گا اور شہدا کے لواحقین کی یادوں سے سجی تقریب میں امن سے ترقی کا سفر بھی بتایا جائے گا جبکہ مسلح افواج کے دستے پریڈ اور آرمی بینڈ بھی اپنی پرفارمنس سے لہو گرمائیں گے۔
🇵🇰
یومِ دفاع و شہدا۶ 2018
GHQ میں مرکزی تقریب کی جھلکیاں۔
6 ستمبر 18 رات 8 بجے سے براہ راست نشر ہو گی۔۔۔۔ #ہمیں_پیار_ہے_پاکستان_سے pic.twitter.com/a3icAcxI7d— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) September 6, 2018
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یوم دفاع وشہدا کی مرکزی تقریب رات8 بجے جی ایچ کیو سے براہ راست نشر ہوگی اور وزیراعظم عمران خان اورآرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ تقریب سے خطاب کریں گے۔
یاد رہے گذشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آرمیجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یومِ دفاع و شہداء کے حوالے سے آخری پرومو جاری کیا تھا، جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پیغام میں کہا تھا شہید کی جوموت ہے وہ قوم کی حیات ہے، شہدا پاکستان اور لواحقین کو سلام۔
مزید پڑھیں : قوم آج یوم دفاع پاکستان ملی جوش وجذبے سے منارہی ہے
خیال رہے ملک بھر میں یوم دفاع و شہدا آج ملی جوش جزبے سے منایا جا رہا ہے، ہمیں پیار ہے پاکستان کے نام سے آئی ایس پی آر کی خصوصی مہم میں شہیدوں اور ان کے اہل خانہ کو ملک بھر میں خراج تحسین دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
شہدا کی یادگاروں پر پھول رکھے جارہےہیں جبکہ غازیوں اور شہدا کے ساتھیوں کے گھر جاکر ان سے محبت کا اظہار کیا جارہاہے ۔