اتوار, نومبر 3, 2024
اشتہار

بھارتی آرمی چیف کی گیڈر بھبکیوں پر افواج پاکستان کا دو ٹوک بیان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارت کے دراندازی اور دہشت گرد کیمپس کے الزامات جھوٹے آپریشن کا تسلسل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی آرمی چیف کی گیڈر بھبکیوں پر افواج پاکستان نے دو ٹوک بیان جاری کردیا، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارتی عسکری قیادت کے بیانات غیر ذمہ دارانہ ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی فوجی کمانڈر کا آزاد کشمیر پر بیان ان کی بوکھلاہٹ کی عکاسی ہے۔ بھارتی کمانڈر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر قابو پانے میں ناکام ہوچکے۔

- Advertisement -

افواج پاکستان کی جانب سے کہا گیا کہ بھارت ریاستی دہشت گردی سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوششیں کر رہا ہے، بھارت کے دراندازی اور دہشت گرد کیمپس کے الزامات جھوٹے آپریشن کا تسلسل ہیں، بھارت نے کوئی مہم جوئی کی تو علاقائی امن پر گہرے اثرات ہوں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ہر طرح کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، افواج پاکستان مادر وطن کے دفاع کے لیے ہر قیمت چکانے کو تیار ہے۔

اس سے قبل دفتر خارجہ نے بھی بھارتی آرمی چیف کا بیان مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان پر در اندازی کا الزام مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ بھارت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے عالمی توجہ ہٹانا چاہتا ہے لیکن بھارت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کو گمراہ نہیں کرسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی سرپرستی میں خلاف ورزیاں چھپ نہیں سکتیں۔ ایل او سی پر بھارتی خلاف ورزیوں سے 26 شہری شہید اور 124 زخمی ہوئے ہیں۔ بھارت نے ایل او سی پر جان بوجھ کر شہریوں کو نشانہ بنایا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں