دہشت گرد اسرائیل کی جانب سے نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے، صیہونی فوج نے غزہ کے بعد لبنان پر بھی حملے شروع کردیے۔ غزہ میں 2 دنوں میں مزید 130 فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا۔
غیرملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان پر درجنوں فضائی حملے کردیے جس کے نتیجے میں 2 لبنانی شہری شہید اور 8 زخمی ہوگئے، اسرائیلی فضائی حملوں نے جنوبی لبنان کے متعدد دیہاتوں کو نشانہ بنایا۔
رپورٹ کے مطابق غزہ پر رات گئے بڑے فضائی حملے میں5فلسطینی بچے شہید ہوگئے، غزہ پر اسرائیل کی جنگ میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 49 ہزار 747جبکہ زخمیوں کی تعداد1لاکھ 13ہزار 213 ہوگئی۔
اسرائیلی حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس نے لبنان میں درجنوں راکٹ لانچرز اور حزب اللہ کے مرکز کو نشانہ بنایا ہے اور ابھی مزید حملے بھی کیے جائیں گے۔
اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی حمایت یافتہ لبنانی تنظیم حزب اللہ نے اسرائیل کے شمالی علاقوں میں 5 راکٹ فائر کیے جنہیں فضا میں ہی ناکام بنادیا گیا تھا جس میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
حزب اللہ کی تردید
لبنانی تنظیم حزب اللہ نے شمالی اسرائیل پر راکٹ داغنے میں کسی بھی قسم کے کردار سے انکار کر دیا ہے۔
اپنے بیان میں حزب اللہ نے اسرائیل پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنے فضائی حملوں کے جواز کے لیے بہانہ گھڑ رہا ہے، تنظیم نے نومبر میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے پر اپنی وابستگی کا اعادہ کیا، جس نے دونوں فریقوں کے درمیان ایک سال تک جاری رہنے والی جنگ کا خاتمہ کیا تھا۔
اقوام متحدہ کی امن فوج کے اسرائیل سے مذاکرات
علاوہ ازیں اقوام متحدہ امن فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ لبنان پر اسرائیلی حملے رکوانے کیلئے مذاکرات جاری ہیں۔
ترجمان امن فوج کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں کی وجہ سے لبنان میں صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، فریقین پر زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے کی تاکید کررہے ہیں۔