ہفتہ, دسمبر 21, 2024
اشتہار

اسرائیل نے لبنان میں اقوام متحدہ کی امن فورسز پر حملہ کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

نیویارک: بوکھلاہٹ کی شکار اسرائیل کی فوج نے شمالی لبنان میں اقوام متحدہ کی امن فورسز پر حملہ کر کے دو اہلکاروں کو شدید زخمی کر دیا۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج نے لبنان میں امن فورسز کے ہیڈ کوارٹر اور پوزیشنز پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو ارکان زخمی ہوئے۔

اقوام متحدہ کی عبوری فورس نے اپنے بیان میں کہا کہ اس کے دو امن فوجی اس وقت زخمی ہیں، اسرائیلی ٹینک نے ہیڈ کوارٹر کے ایک گارڈ ٹاور پر فائرنگ کی۔

- Advertisement -

اس نے کہا کہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے لیکن وہ اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

اسرائیلی فورسز نے اقوام متحدہ کی پوزیشن 1-31 پر بھی حملہ کیا جو لبونہ گاؤں میں قائم ہے۔ فورسز نے بنکر کے داخلی دروازے کو نشانہ بنایا جہاں امن دستوں نے پناہ لے رکھی ہے، حملے میں گاڑیوں اور مواصلاتی نظام کو نقصان پہنچا۔

امن فورسز کے مطابق اس نے اسرائیلی فوجی ڈرون کو اپنی پوزیشن کے اندر بنکر کے داخلی دروازے تک پرواز کرتے دیکھا۔

فرانس اور اٹلی نے اسرائیلی فوج کی طرف سے امن فورسز کے اہلکاروں کو نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔

فرانسیسی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ فرانس لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس کو نشانہ بنانے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے اور ان کی سلامتی پر کسی بھی حملے کی مذمت کرتا ہے۔

اس نے کہا کہ ہمیں اسرائیلی حکام کی طرف سے وضاحت کا انتظار ہے، امن فوجیوں کا تحفظ ایک ایسا فرض ہے جو تنازع کے تمام فریقوں پر لاگو ہوتا ہے۔

ادھر، اٹلی کے وزیر دفاع گیڈو کروسیٹو نے بھی ایک نیوز کانفرنس میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ جنگی جرائم کا حصہ ہو سکتا ہے۔

گیڈو کروسیٹو نے کہا کہ جو کچھ ہوا اس کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا، ہم یہ جاننے کیلیے اسرائیلی جواب کا انتظار کر رہے ہیں کہ ان کارروائیوں کی وجہ کیا تھی؟ یہ گولیاں غلطی سے نہیں چلائی گئیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں