بدھ, جون 26, 2024
اشتہار

اسرائیلی فوج کا غزہ میں اچانک جنگ میں ’وقفے‘ کا اعلان، نیتن یاہو بے خبر

اشتہار

حیرت انگیز

اسرائیلی فوج نے آج صبح اتوار کو غزہ میں اچانک جنگ میں ’ٹیکٹیکل وقفے‘ کا اعلان کر دیا، تاہم اس فیصلے سے وزیر اعظم نیتن یاہو اور وزیر دفاع بے خبر رہے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے آج صبح ایک بیان جاری کیا کہ کریم ابو سالم کراسنگ سے رفح کے بالکل شمال میں یورپی اسپتال کی طرف دن کی روشنی میں ’ٹیکٹیکل وقفہ‘ ہوگا، تاکہ امداد پہنچنے کا راستہ کھلے۔

اس اعلان کے بعد وزیر دفاع اور وزیر اعظم کے تبصرے سامنے آئے جو اس ’وقفے‘ سے بے خبر تھے، اس کے بعد فوج نے ایک اور بیان میں وضاحت کی کہ دراصل رفح میں لڑائی جاری رہے گی اور جس علاقے پر ’وقفے‘ کا اطلاق ہوگا وہ صرف ایک خاص چھوٹا راستہ ہے۔

- Advertisement -

اسرائیل فوج نے کہا کہ اس اقدام سے فلسطینیوں کو کچھ خاص راحت نہیں ملے گی، نہ ہی بہت زیادہ انسانی امداد مل پائے گی۔

اس اعلان نے اسرائیل کے اندر آگ لگا دی ہے، بالخصوص اسرائیلی انتہائی دائیں بازو میں جو نیتن یاہو کے اقتدار کو سہارا دے رہے ہیں، سیکیورٹی کے وزیر اتمار بن گویر اور وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ بھی اس پر سیخ پا ہو گئے ہیں۔

بن گویر نے اسرائیلی پولیس کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ غزہ جانے والے قافلوں پر حملہ کرنے والے مظاہرین کو نہ روکے، واضح رہے کہ ایک حالیہ پولنگ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ تقریباً 70 فی صد اسرائیلی غزہ میں امداد کے حامی نہیں ہیں۔

الجزیرہ کے مطابق یہ واضح نہیں ہے کہ آیا اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور وزیر دفاع یوو گیلنٹ کو فوج کی طرف سے اتوار کی صبح اعلان کردہ ’ٹیکٹیکل وقفے‘ کا علم تھا؟ تاہم جو رپورٹس سامنے آئی ہیں ان سے پتا چلتا ہے کہ وزیر دفاع اور وزیر اعظم اس فیصلے کے بارے میں لاعلم ہیں۔

دوسری طرف اسرائیل کے ہاریٹز اخبار کے مطابق فوج نے ان دعوؤں پر جوابی بیان جاری کیا ہے کہ حکومت کو غزہ کی امدادی راہداری سے متعلق اعلان کردہ ’ٹیکٹیکل وقفے‘ کے بارے میں اندھیرے میں رکھا گیا تھا۔ فوج نے کہا کہ یہ فیصلہ فوج کی سدرن کمانڈ نے کیا ہے اور یہ وزیر اعظم نیتن یاہو کی امداد کی روانی بڑھانے کی ہدایات کے مطابق ہے۔

واضح رہے کہ الجزیرہ اسرائیل کے باہر سے رپورٹنگ کر رہا ہے کیوں کہ اس پر اسرائیلی حکومت نے پابندی عائد کر رکھی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں