تازہ ترین

قابض اسرائیلی فوج کا علی الصبح مسجد اقصیٰ پر حملہ، خواتین اور بچوں سمیت 12 فلسطینی زخمی

مقبوضہ بیت المقدس : قابض اسرائیلی فوج نے علی الصبح مسجد اقصیٰ پر حملہ کردیا، حملے میں خواتین اور بچوں سمیت بارہ فلسطینی زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق صیہونی فورسز کی جارحیت عروج پر ہے ، قابض اسرائیلی فوج نے ماہ رمضان میں تقدس کو پامال کرتے ہوئے مسجد اقصی پر دھاوا بول دیا، اسرائیلی فوجی دندناتے ہوئے مسجد کے اندر داخل ہوئے اور عبادت میں مصروف لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

عرب میڈیا نے بتایا کہ مسجد اقصیٰ میں گرینیڈ اور گیس بم پھینکے گئے اور نمازیوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، حملے میں خواتین اور بچوں سمیت بارہ فلسطینی زخمی ہوئے۔۔

حملے کی موبائل فون سے بنی ویڈیوز سامنے آگئی ہے ، جس میں اسرائیلی فوج کی سفاکیت صاف نظر آرہی ہے کہ کس طرح رمضان المبارک میں عبادت کیلئے جمع فلسطینی نمازیوں کو تشدد کرکے مسجد سے نکالا جارہا ہے۔

دوسری جانب غزہ سے متعدد راکٹ اسرائیلی کی جانب فائر کیے گئے ہیں، اسرائیل نے فلسطینی علاقوں سے ملحقہ مقامات پر ہائی الرٹ بھی جاری کردیا۔

حماس نے فلسطینی عوام کو فوری مسجد اقصیٰ پہنچنے کی ہدایت کردی جبکہ سعودی عرب، مصر اور اردن کی جانب سے مسجد اقصیٰ پر حملے اور نمازیوں پر تشدد کی شدید مذمت کی۔

فلسطینی اتھارٹی کے صدرمحمود عباس کے ترجمان نے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل مقدس مقامات میں داخل ہو کر خانہ جنگی کو دعوت دے رہا ہے۔

Comments

- Advertisement -