تازہ ترین

اطالوی سیاح کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی

پشاور: صوبہ خیبر پختون خوا کے شہر پشاور کے علاقے ناصر باغ میں خود کشی کرنے والے اطالوی سیاح کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی۔

تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے ناصر باغ میں اطالوی سیاح جوشوا موائسز ورگاس کی پوسٹ مارٹم رپورٹ پولیس کو موصول ہو گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سیاح کی موت لٹکنے کے باعث ہوئی ہے، اور گلے پر پھندے کا نشان ہے۔

متوفی کی دستاویزات، موبائل سمز اور دیگر سامان بھی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، واضح رہے کہ اطالوی شہری کی خود کشی کا واقعہ 3 دسمبرکو پیش آیا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق پشاور میں تھانہ ناصر باغ کی حدود میں واقع علاقے مراد آباد میں اطالوی شہری عارضی طور پر ایک نجی سوسائٹی کے فلیٹ میں مقیم تھا، جوشوا موائسز ورگاس کو 9 اکتوبر کو سیاحتی ویزا جاری ہوا تھا۔ فلیٹ کے مالک عثمان خان نے متوفی کو فلیٹ کرایے پر دیا تھا، عثمان خان نے پولیس کو بتایا کے متوفی سیاح سے ان کا گزشتہ کئی دنوں سے کوئی رابطہ نہیں ہوا تھا۔

پولیس کی ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیس کو 4 دسمبر کو اطالوی شہری کی خود کشی سے متعلق اطلاع ملی تھی، پولیس متعلقہ فلیٹ پر پہنچی تو وہاں ایک کمرہ لاک پایا گیا، اور کمرے پر لکھا تھا پولیس کو بلا لیں اور کمرے کی چابی کچن میں ہے۔

کچن سے کمرے کی چابی اور ملکی و غیر ملکی کرنسی بھی برآمد ہوئی۔

Comments

- Advertisement -