سبی : جعفر ایکسپریس میں یرغمالی مسافروں کیساتھ خودکش بمبار بیٹھے ہونے کا انکشاف ہوا، سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ خود کش بمبار معصوم لوگوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں کیخلاف آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ایک سو پچپن مسافروں کوبحفاظت بازیاب کروا لیا گیا ہے اور آپریشن میں اب تک ستائیس دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا جاچکا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ دہشت گرد، افغانستان میں اپنےسہولت کاروں سےرابطےمیں ہیں اور دہشت گردوں میں خود کش بمبار بھی موجود ہیں۔
ذرائع نے کہا کہ کچھ معصوم یرغمالی مسافروں کیساتھ خودکش بمبار بیٹھے ہوئے ہیں، دہشت گردوں نے خود کش بمباروں کویرغمالیوں کیساتھ بٹھایا ہوا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا خود کش بمبار دہشت گرد خودکش جیکٹیں پہنے ہوئے ہیں، دہشت گرد معصوم لوگوں کوڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز خودکش بمباروں کی وجہ سے انتہائی احتیاط سے کام لے رہی ہیں تاہم دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے۔
مزید پڑھیں : جعفرایکسپریس حملہ: 104مسافر بحفاظت بازیاب، 16 دہشت گرد ہلاک
یاد رہے گذشتہ روز بلوچستان کے ضلع سبی میں دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کرکے ٹرین کو مسافروں سمیت یرغمال بنالیا تھا، بزدلانہ حملہ کرنے والے دہشتگرد بیرون ملک ہینڈلرزسے بذریعہ سیٹلائٹ فون رابطے میں ہیں۔
جس کے بعد سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ایک سو چار مسافروں کو رہا کروایا اور سولہ دہشت گرد جہنم واصل کیا تھا۔
سیکیورٹی فورسز باقی مسافروں کی بحفاظت رہائی کیلیے کوشاں ہیں، اضافی نفری آپریشن میں حصہ لےرہی ہے۔