اسلام آباد : قومی اسمبلی میں رہنما پی ٹی آئی جہانگیر ترین نے جب شریف برادران کی شوگر ملز کا ذکر چھیڑا تو وزیر اعظم نوازشریف ایوان سے اٹھ کرچلے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی وزیراعظم اور ان کے خاندان سے کاروباری رقابت ہے۔
تفصیلات کے مطابق سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک پیسے کا بھی ڈیفالٹر نہیں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے نوٹس ذاتی عناد پرجاری کرایا گیا ہے، ابھی جہانگیر ترین شروع ہی ہوئے تھے کہ وزیراعظم نواز شریف ایوان سے چپ چاپ تشریف لے گئے۔
پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے اپنی تقریر جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ان کا اور وزیراعظم کا کاروبار ایک جیسا ہے اس لئے انہیں انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شوگرملزکی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی پر پابندی عائد ہے، چوہدری شوگر مل کی رحیم یار خان منتقلی کیخلاف عدالت سے حکم امتناعی لے رکھا ہے۔ چوہدری شوگر مل کے مالک وزیراعظم خود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سلمان شہباز نے شوگر ملز لگانے کیلئے مجھ سے مدد مانگی تھی۔ اس کے علاوہ سلمان شہباز اپنے اہل خانہ کے ساتھ تین دن میرے گھر مہمان بھی رہے۔