راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کے تحت لیڈرز سمیت 80 سے 90 کارکنان نے گرفتاریاں دے دیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق راولپنڈی کمیٹی چوک سے سب سے پہلے سابق ایم پی اے فیاض الحسن چوہان نے گرفتاری دی جبکہ گرفتاری دینے والوں زلفی بخاری، صداقت عباسی، اور سابق رکن صوبائی اسمبلی اعجاز خان جازی بھی شامل ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید لال حویلی سے کمیٹی چوک آئے لیکن گرفتاری نہیں دی۔
ذرائع کے مطابق غلام سرور خان اور عامر محمود کیانی بھی کمیٹی چوک پہنچے لیکن گرفتاری نہیں دی جبکہ پولیس نے پانچ وینز میں گرفتاری دینے والوں کو کمیٹی چوک سے منتقل کردیا ہے۔
پی ٹی آئی کے کارکنان کی بڑی تعداد تاحال کمیٹی چوک پر موجود ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی سمیت دیگر کی بازیابی کی درخواست پر ریمارکس دیئے تھے کہ پہلے خود ملزموں کی وین میں بیٹھے اب عدالتوں پر بوجھ ڈالنے آگئے ہیں۔