کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ سخت گرمی کے باوجود شہر بھر میں بدترین لوڈشیڈنگ، اووربلنگ، عوام پر ظلم و لوٹ مار اور بارش کے دوران کے الیکٹرک کی نا اہلی کے باعث کرنٹ لگنے سے اموات پر کے الیکٹرک خلاف جماعت اسلامی کے تحت ہفتہ 11جولائی کو 4بجے دن شاہراہ فیصل نرسری پر دھرنا دیا جائے گا۔
یہ فیصلہ ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی کراچی کے نظم کے ایک مشاورتی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمن نے کراچی کے شہریوں سے اپیل کی کہ دھرنے میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں اور ایسی قیادت کاساتھ دیں جو واقعی مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں کے الیکٹرک نے شدید گرمی اور حبس کے موسم میں بھی شہریوں کو اذیت میں مبتلا کیا اور کراچی کے شہریوں پر ایک بار پھر بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر کے شہریوں پر بجلی بم گرایا ہے اور قیمتوں میں 2روپے89پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے،گزشتہ سال بھی بارشوں میں کے الیکٹرک کی نا اہلی اور ناقص انتظامات کے باعث شہر بھر میں کرنٹ لگنے کے کئی واقعات رونماء ہوئے تھے اور 20سے زائد قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں تھیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ نیپرا نے اس حوالے سے ایک تحقیقاتی کمیٹی بھی بنائی تھی جس کی رپورٹ میں اکثر اموات کی ذمہ داری کے الیکٹرک پر عائد کی گئی تھی لیکن اس کے باوجود کے الیکٹرک کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہ لائی گئی۔ حالیہ بارشوں کے دوران بھی کرنٹ لگنے سے اموات ہوئی ہیں اور اطلاعات کے مطابق 6افراد اپنی جان کی بازی ہار گئے ہیں،کے الیکٹرک عوام کی قاتل بن گئی ہے۔