دلکش ایکشن کے ساتھ بولنگ پر مہارت رکھنے والے تجربہ کار بولر جیمز اینڈرسن نے منفرد اعزاز اپنے نام کر لیے۔
39 سالہ بولر نے گزشتہ روز آسٹریلیا کے خلاف سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں ایشیز کے چوتھے ٹیسٹ میچ کے لیے میدان میں قدم رکھا تو یہ ان کا 169 واں ٹیسٹ تھا۔
زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلنے کے اعتبار سے انہوں نے سابق آسٹریلوی کپتانوں رکی پونٹنگ اور سٹیو وا کو پیچھے چھوڑ دیا جنہوں نے 168 ٹیسٹ کھیلے تھے۔
ماسٹر بلاسٹر کہلانے والے بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر 200 ٹیسٹ میچز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔
انگلش بولر اینڈرسن ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے تیسرے بولر بھی ہیں انہوں نے طویل فارمیٹ میں اب تک 640 وکٹیں اپنے نام کی ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ وہ ٹیسٹ کرکٹ کے واحد بولر ہیں جنہوں نے مسلسل 20 ویں سال وکٹیں حاصل کیں۔ وہ 2003 سے 2022 تک ٹیسٹ میں وکٹیں لینے والے واحد بولر کا اعزاز اپنے نام کر چکے ہیں۔