ہفتہ, جولائی 27, 2024
اشتہار

موجودہ حکومت کیخلاف جمعیت علما اسلام کا کراچی میں دھرنا دینے کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

جمعیت علما اسلام کی جانب سے موجودہ حکومت کے خلاف کراچی میں 2 مئی کو دھرنا دینے کا اعلان کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ جے یو آئی نے 2018 کے انتخابات تسلیم نہیں کیے تھے، 2024 کے انتخابات بھی تسلیم نہیں ہیں، اب فیصلے میدان میں ہونگے۔ سندھ میں امن وامان کی صورتحال خراب ہے۔

جے یو آئی کے مرکزی رہنما راشد محمود سومرو نے سجاول میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ معصوم پریا کماری سمیت 800 سے زائد معصوم لوگ کچے میں ڈاکو کے پاس ہیں۔ انھیں برہنہ کر کے مارا جارہا ہے ان سے زیادتیاں کرکے ویڈیو بنائی جارہی ہیں۔

- Advertisement -

رہنما جے یو آئی نے کہا کہ وزیراعظم کی موجودگی میں کچے میں جوائنٹ آپریشن کا مطالبہ کیا تھا۔ اس وقت کے وزیراعلیٰ نے میری مخالفت کی تھی۔ اب وزیراعلیٰ خود فرما رہے ہیں کہ حیران ہوں ان کے پاس ہتھیار کہاں سے آرہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کچے کے پولنگ اسٹیشنز میں جماعتوں کو ووٹ نہ ہونے کے برابر پڑے۔ کچے کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر پیپلز پارٹی کو سب سے زیادہ ووٹ ملے ہیں۔

اگر ڈاکو پی پی سے کنکشن نہیں رکھتے تو وہ کچے میں آپریشن کیلئے سنجیدہ کیوں نہیں۔ کچے کے پولنگ اسٹیشنز کے نتائج بتارہے ہیں ڈاکو پیپلز پارٹی کے رحم وکرم پر ہیں۔ پیپلزپارٹی کچے میں ڈاکوؤں کی سرپرستی کر رہی ہے۔

راشد سومرو نے کہا کہ اسمبلی میں بیٹھے پیپلز پارٹی کے نواب، سردار اور وڈیرے ڈاکو کی سرپرستی کررہے ہیں۔

رہنما جے یوآئی نے کہا کہ جب تک بےرحمانہ آپریشن نہیں ہوگا تب تک ڈاکوؤں سے نجات نہیں ملے گی۔ پی ٹی آئی والے ہمارے گھر آئے ہم ان کے گھر گئے تھے، مولانا نے ان کو ویلکم کیا۔ ہمارے پی ٹی آئی کے ساتھ نظریاتی اختلافات ہیں۔

انھوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا جومؤقف ہے ہم سمجھتے ہیں وہ بیرونی ایجنڈے پر لیکر چل رہے ہیں۔ اب ان کے مؤقف میں کوئی تبدیلی آئی ہے تو یہ وضاحت تو ان کی جماعت کو دینی ہوگی۔

راشد سومرو نے کہا کہ اگر اب بھی ان کا موقف وہی ہے تو شاید جے یو آئی کا ان کے ساتھ چلنا ممکن نہیں ہوگا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں