جامشورو : انڈس ہائی وے روڈ پر 2 کاروں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ 6 زخمی ہوئے۔
تفصیلات مطابق سندھ کے ضلع جامشورو میں سن کے قریب انڈس ہائی وے روڈ پر دو کاروں میں تصادم ہوا ، جس کے نتیجے میں پانچ افراد موقع پر ہی جاں بحق اور چھ افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کا کہنا تھا حادثہ کار ڈرائیور کی رانگ سائیڈ سے کراسنگ کے نتیجے میں پیش آیا، مسافر کار سیہون سے حیدرآباد جارہی تھی۔
ریسکیو حکام نے کہا کہ جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو مانجھنداسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
یاد رہے گذشتہ ماہ کے آخر میں کراچی کے قریب سپر ہائی وے پر خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا ، جہاں حیدرآباد سے کراچی آتے ہوئے تین ٹریلر آپس میں ٹکرا گئے تھے، جس کے بعد ٹریلرز الٹ گئے۔
ریسکیو حکام نے بتایا تھا کہ حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور تین شدید زخمی ہوئے تاہم زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔