آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل بھارت کو بڑا دھچکا لگ گیا، جسپریت بمراہ کی ایونٹ میں شرکت مشکوک ہوگئی۔
بھارتی ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت مشکوک ہوگئی کیونکہ انہیں ڈاکٹرز نے بیڈ ریسٹ پر بھیج دیا ہے۔
بارڈر گواسکر ٹرافی میں آسٹریلیا کے خلاف 32 وکٹیں لینے والے بمراہ کمر کی تکلیف کا شکار ہوکر سڈنی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بولنگ نہیں کرسکے تھے اور چیک اپ کے لیے اسپتال چلے گئے تھے۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بمراہ کو ڈاکٹر نے بیڈ ریسٹ تجویز کیا ہے اور اس بات کا زیادہ امکان نہیں ہے کہ وہ چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کریں گے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بمراہ کو بنگلورو میں بی سی سی آئی سینٹر آف ایکسیلنس کو رپورٹ کرنا ہوگا لیکن ان کے چیک ان کی تاریخ کی تصدیق ہونا باقی ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ جسپریت بمراہ کی کمرکی تکلیف سے متعلق رپورٹس حوصلہ افزا نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری کو شروع ہوگی۔ اس سے قبل بھارت نے انگلینڈ کے خلاف 5 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنی ہے جو 22 جنوری سے شروع ہوگی، اس کے بعد3 ون ڈے میچز بھی ہوں گے۔