لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ دیگر جماعتوں کے منحرف اراکین بھی ن لیگ کا ہی ٹکٹ چاہتے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیگر جماعتوں سے منحرف ہونیوالے امیدوار بھی ن لیگ کا ہی ٹکٹ چاہتے ہیں، لیگ کے اندر الیکٹیبلز موجود ہیں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ عدم اعتماد کے وقت ہونیوالی کمٹمنٹس کو پورا کیا جارہا ہے تاہم ن لیگ کا پارلیمانی بورڈ ہی حتمی فیصلے کررہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ طلال چوہدری اور دانیال عزیز نے پارٹی کیلئے قربانیاں دی ہیں، ذاتی رائے ہے طلال چوہدری، دانیال عزیز کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ اتنی بڑی جماعت میں کوئی ناراض ہوتا ہے اور کوئی راضی ہوتا ہے، جماعتوں کے اندر غصہ، ناراضی اور صلح کے معاملات چلتے رہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول کو جب آصف زرداری سنجیدہ لیں گے تب بلاول کی بات کا جواب ضرور دینگے، ہوسکتا ہے انتخابی جلسوں کا شیڈول کل ہی جاری کردیا جائے۔