لندن: برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے جریمی ہنٹ کو برطانیہ کا نیا وزیر خارجہ مقرر کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بورس جانسن کے مستعفی ہونے پر جریمی ہنٹ کا بطور وزیر خارجہ تقرر کیا گیا ہے، بورس جانسن بریگزٹ معاملے پر اختلافات کے باعث وزارت سے مستعفی ہوئے تھے جس کے بعد جیریمی ہنٹ کو برطانیہ کا نیا وزیر خارجہ بنادیا گیا ہے۔
بورس جانسن یورپی اتحاد سے برطانیہ کے اخراج کی تحریک کے پر زور حامی تھے، بریگزٹ کے معاملے پر وزیر اعظم تھریسامے سے اختلافات پر برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن عہدے سے مستعفی ہوگئے، وزیر خارجہ کا منصب سیکریٹری صحت جریمی ہنٹ نے سنبھال لیا ہے۔
Huge honour to be appointed Foreign Secretary at this critical moment in our country’s history. Time to back our PM to get a great Brexit deal – it's now or never…
— Jeremy Hunt (@Jeremy_Hunt) July 9, 2018
برطانوی وزیر اعظم تھریسامے کو یورپی یونین سے اخراج سے متعلق پالیسی پر اپنے حریفوں کے ساتھ ساتھ حلیفوں کی جانب سے بھی تنقید کا سامنا ہے، ناقدین نے اس پالیسی کو تجارتی سرگرمیوں کے لیے ناکافی کہا ہے کیونکہ اس سے یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان علیحدگی کے بعد معاشی سرگرمیوں کا حل نہیں نکالا گیا ہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ کے عوام نے ریفرنڈم میں یورپی یونین سے علیحدگی کے حق میں فیصلہ دیا تھا، اب برطانیہ کو یورپی یونین سے انخلاء کے عمل کو 29 مارچ 2019 تک مکمل کرنا ہے تاہم یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کے حوالے سے لائحہ عمل پر تاحال اتفاق نہیں ہوسکا ہے۔