ممبئی: بالی وڈ کے سُپر اسٹار سلمان خان کی بہن ارپیتا خان کے گھر لاکھوں روپے کی چوری ہوگئی جس میں گھریلو ملازم ہی ملوث نکلا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ارپیتا خان کے ممبئی میں قائم گھر پر کام کرنے والے ایک ملازم نے تقریباً 5 لاکھ (بھارتی روپے) مالیت کے ہیروں سے جڑے سونے کے زیورات چوری کیے۔
چوری کا واقعہ پیر کی صبح پیش آیا۔ پولیس نے ارپیتا خان کی شکایت پر ملزم کو گرفتار کر لیا۔
کھار پولیس اسٹیشن کے مطابق ملزم سندیپ ہیگڑے تقریباً 5 لاکھ روپے مالیت کے زیورات چوری کر کے فرار ہوگیا تھا، ارپیتا خان نے شکایت درج کروائی جس پر پولیس نے کارروائی کی، ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔
ملزم کے خلاف انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 381 کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی۔ اب تک چوری کیے گئے زیوارت برآمد نہ کیے جا سکے۔