کراچی : کسٹمز کلکٹریٹ نے جناح ایئر پورٹ پر لاکھوں روپے مالیت کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی، کسٹم کے عملے نے امریکہ براستہ دبئی آنے والے مسافر کے سامان سے موبائل فونز اور ممنوعہ کاسمیٹکس بر آمد کر لیں۔
ترجمان کسٹم نے بتایا کہ مسافر شہاب حسین کی جامہ تلاشی کے دوران خفیہ جیبوں سے سونے کے زیورات اور امریکن ڈالرز بھی بر آمد ہوئے۔ اسمگل شدہ سامان زیورات اور کرنسی کی مالیت اڑسٹھ لاکھ 76ہزار روپے سے زائد ہے، مسافر کو کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے گرفتار کرلیا گیا۔
جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر تعینات عملے نے دوران چیکنگ اتحاد ایئرویز کی فلائٹ 221 سے امریکہ سے براستہ ابوظہبی کراچی پہنچنے والے پاکستانی مسافر شہاب حسین جو کہ گرین چینل کی سہولت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے سامان کے ھمراہ بغیر اسکیننگ کے آرایئول ھال سے باہر جا رھا تھا۔
اس کو کسٹمز کے عملے نے شک کی بنیاد پر روک کر اس کے سامان کے بارے میں پوچھ گچھ کی کہ اس کے سامان میں کوئی ممنوعہ یا ڈیوٹی ایبل سامان موجود ھے تو مسافر نے اس قسم کے کسی سامان کی موجودگی سے انکار کیا ۔
مسافر کے بیان سے غیر متفق اور غیر مطمئن ہونے پر مسافر کے سامان کی اسکیننگ کی گئی تو مسافر کے سامان میں موبائل فونز اور کاسمیٹکس مصنوعات کی نشاندہی ہوئی۔