تازہ ترین

بھارت کو منہ کی کھانی پڑی، انگلینڈ کے ہاتھوں پانچویں ٹیسٹ میں شکست

برمنگھم ٹیسٹ میں انگلینڈ نے بھارت کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-2 سے برابر کردی۔

برمنگھم میں کھیلے گئے پانچویں ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے بھارت کی جانب سے دیا جانے والا ریکارڈ 378 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

جو روٹ اور جونی بیرسٹو نے بھارتی بولرز کا مار مار بھرکس نکال دیا، روٹ نے 142 اور بیرسٹو نے 114 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

جونی بیرسٹو کی اننگز میں 15 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا جبکہ جو روٹ نے 19 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 142 رنز کی اننگز کھیلی۔

دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 269 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

بھارت کی جانب سے کپتان جسپریت بمراہ نے دوسری اننگز میں دو وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ بھارت اپنی دوسری اننگز میں 245 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی تھی، چیتشور پجارا اور رشبھ پنت نے نصف سینچریاں اسکور کیں، ویرات کوہلی ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے، انگلینڈ کی جانب سے بین اسٹوکس نے چار، اسٹیورٹ براڈ اور میتھیو پوٹس نے دو ، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

واضح رہے کہ پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں بھارت کو دو ایک کی برتری حاصل تھی۔

اس سے قبل دو ہزار انیس میں انگلینڈ نے بین اسٹوکس کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز میں 359 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔

Comments

- Advertisement -