واشنگٹن: اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے ہیں۔
الجزیرہ کے مطابق اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ امریکی صدر جو بائیڈن سے پیر کو ملاقات کریں گے، توقع کے مطابق ملاقات کے دوران غزہ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اردن کے سرکاری میڈیا پر چند دن قبل ایک ویڈیو آئی تھی جس میں بادشاہ عبداللہ دوم کو غزہ کو فضا سے طبی سامان پہنچانے میں ذاتی طور پر مدد کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا، یہ امریکی دورہ اس کے بعد سامنے آیا ہے۔
Jordan's King Abdullah II participates in Gaza aid airdrop. pic.twitter.com/3NiuzGH7c7
— Roya News English (@RoyaNewsEnglish) February 11, 2024
دورے کی میزبانی وائٹ ہاؤس کر رہا ہے، جس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں رہنما غزہ میں ’بحران کے پائیدار خاتمے کی کوششوں‘ کے ساتھ ساتھ اردن اور امریکا کے درمیان ’مضبوط دوطرفہ تعلقات‘ پر بھی بات کریں گے۔
دو طرفہ تعلقات کے سلسلے میں گفتگو میں اردن کے شمال مشرق میں ایک امریکی فوجی اڈہ بھی شامل ہے، جسے ٹاور 22 کہا جاتا ہے، جہاں جنوری میں ایک ڈرون حملے میں 3 امریکی فوجی مارے گئے تھے۔
یہ اڈہ شام اور عراق کی سرحدوں کے قریب واقع ہے، عراقی فوج کے ترجمان کے مطابق امریکا نے اپنے فوجیوں کے اس علاقے سے انخلا پر بات چیت دوبارہ شروع کر دی ہے۔