اسلام آباد : چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کا اجلاس آج ہوگا، جس میں ایڈہاک ججوں کے مجوزہ ناموں پر غور کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ایڈہاک ججز کے ناموں پر مشاورت کیلئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس آج ہوگا ،جسٹس ریٹائرڈ طارق مسعود اور جسٹس ریٹائرڈ مظہرعالم میاں خیل کے ناموں پرغور کیا جائےگا۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے ایڈہاک ججوں کیلئے چار نام تجویز کیے تھے، جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر اورجسٹس ریٹائرڈ مشیرعالم ایڈہاک جج بننے سے معذرت کرچکے ہیں ، اس کے علاوہ جسٹس ریٹائرڈ طارق مسعود اور جسٹس ریٹائرڈ مظہرعالم میاں خیل کے نام شامل ہیں۔
پاکستان بار کونسل نے بھی ایڈہاک ججوں کی حمایت کردی اور کہا سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججوں کی تعیناتی سے زیر التوامقدمات کا بوجھ کم ہوگا۔
پاکستان بار کونسل نے ملک میں آئینی عدالت کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کرکےملک میں نئی عدالت قائم کی جائے۔
وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ کا بھی کہنا تھا کہ ایڈہاک ججوں کی تعیناتی کی آئین اجازت دیتا ہے، ایڈہاک جج چیف جسٹس نے نہیں جوڈیشل کمیشن نے مقرر کرنے ہیں۔
پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججوں کی تعیناتی کی مخالفت کی ہے ، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ایڈہاک ججوں کو لگانا مناسب نہیں سمجھتے، اپنا مؤقف سپریم جوڈیشل کونسل بھیج رہے ہیں۔