جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

بابا کے بعد ہماری پوری زندگی بدل گئی، بابر جنید

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : معروف نعت خواں جنید جمشید کی پہلی برسی انکے صاحبزادے بابر جنید کا کہنا ہے کہ 7 دسمبر 2016 کا دن میرے لئے بہت خوفناک دن تھا اور آج وہ غمگین گھڑی پھر آگئی، بابا کے بعد ہماری پوری زندگی بدل گئی۔

معروف ثناء خواں جنید جمشید کی پہلی برسی آج یعنی 7 دسمبر کو منائی جارہی ہے ، والد کی برسی کے موقع پر جنید جمشید کے بیٹے بابر جنید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنے پیغام میں کہا کہ 7 دسمبر 2016 کا دن میرے لیے بہت خوفناک تھا کیونکہ اُس روز میں نے والد کی موت کی خبر سنی اور آج پھر وہی دن آگیا۔

بابر جنید نے کہا کہ بابا کے بعد ہماری پوری زندگی بدل گئی، مجھے آج بھی اُن کے انتقال کا یقین نہیں آتا، میں ان کو بہت یاد کرتا ہوں، بابا کا پاکستان اور لوگوں سے محبت کرنے کا انداز اور جذبہ میرے اندر بھی پیدا ہوگیا اور میں کوشش کروں گا کہ اُن کے اس کام کو آگے لے کر چلوں۔

ویڈیو دیکھیں

جنید جمشید کے بیٹے کا کہنا تھا کہ چند ماہ قبل میں بہت زیادہ جذباتی ہوگیا تھا جس کے بعد میں نے لکھنا شروع کیا اور بابا کے نام ایک پیغام  ’میرے بابا پیارے بابا کیوں چلے گئے مجھے چھوڑ کر ‘ لکھا یہ کلام ان سب لوگوں کے لیے بھی ہے جن کے بابا اب اس دنیا میں نہیں رہے۔

بابر نے مزید کہا کہ آج میں آپ سب کے پیار اور تعاون کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور ساتھ ہی اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بابا کے مقصد کو آگے بڑھائیں گے۔


مزید پڑھیں :  جنید جمشید کے صاحبزادے کا والد کو جذباتی کلام سے خراج تحسین


یاد رہے چند روز قبل معروف ثناء خواں جنید جمشید کے صاحبزادے بابر جنید نے ’میرے بابا‘ گا کر اپنے والد کو جذباتی انداز میں خراج عقیدت پیش کیا تھا۔

اس گانے کو ’پیارے بابا‘ کا نام دیا گیا ہے جبکہ اس کے بول پیارے بابا کیوں چلے گئے ہوں، چھوڑ کے مجھ کو تم کیوں تنہاء یوں چلے گئے ہو، اُس کے کمپوزر کاشان ادمانی جبکہ ڈائریکٹر سید ذیشان احمد ہیں۔

خراج عقیدت پیش کرنے کی ویڈیو جنید جمشید کے آفیشل پیچ پر شیئر کی گئی تھی۔

خیال رہے 7 دسمبر 2016 کو ایبٹ آباد میں مقام حویلیاں کے مقام پر چترال سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے 661 کو حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں جنید جمشید سمیت 48 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں