تازہ ترین

لاہور میں طالبہ پر تشدد کا واقعہ، مقدمے میں نامزد مزید افراد شامل تفتیش

لاہور کے علاقے ڈیفنس کے نجی اسکول میں طالبہ پر ساتھی طالبات کے تشدد کے واقعے کے مقدمے میں پولیس نے مزید افراد کو نامزد کرلیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے ڈیفنس میں ساتھی طالبات کے تشدد کا نشانہ بننے والی متاثرہ طالبہ پارس شاہ کے والد نے مقدمے میں پہلے تین لڑکیوں کو نامزد کیا تھا اب دوران تفتیش مزید 7 افراد کا نام مقدمے میں شامل کرلیا گیا ہے۔

پولیس کا بتانا ہے کہ تمام نامزد افراد کو شامل تفتیش کرلیا گیا ہے جبکہ تشدد کرنے والی طالبات عبوری ضمانت کے بعد شامل تفتیش ہوئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تمام افراد نے پولیس کے سامنے پیش ہوکر بیانات ریکارڈ کروائے ہیں۔

یہ پڑھیں: طالبہ تشدد: ’ایسی دفعات لگائیں کہ کیس واپس نہیں ہو سکتا‘

واضح رہے کہ مقدمے میں نامزد افراد میں اسکول انتظامیہ اور فوٹیج بنانے والے بھی شامل ہیں جبکہ طالبہ پر تشدد کیس پر انکوائری کمیٹی ٹیم بھی تشکیل دی گئی تھی تاحال رپورٹ جمع نہ کروائی جاسکی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور میں طالبات کی جانب سے ساتھی طالبہ پارس شاہ کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔

مزید پڑھیں : طالبہ پر تشدد ’’جسٹس فار پارس شاہ‘‘ سوشل میڈیا صارفین میں غم و غصہ

شوبز اسٹارز، سماجی حلقوں کی جانب سے بھی متاثرہ طالبہ کے حق میں آواز اٹھائی گئی تھی جس کے بعد ’جسٹس فار پارس شاہ‘ سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا تھا۔

Comments

- Advertisement -