تازہ ترین

کینیڈین وزیر اعظم نے سپر مارکیٹوں اور اسٹورز کو قیمتوں کے حوالے سے وارننگ دے دی

اوٹاوا: کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے سپر مارکیٹوں اور سپر اسٹورز کو قیمتوں کے حوالے سے وارننگ دے دی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے گروسری چینز کو خبردار کیا ہے کہ اگر انھوں نے اشیائے خورد و نوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے اقدامات نہ کیے تو ان پر نئے ٹیکس لگ سکتے ہیں۔

ٹروڈو نے کہا کہ والمارٹ اور کوسٹکو سمیت پانچ سب سے بڑی سپر مارکیٹ چینز کے سربراہوں سے کہا جائے گا کہ وہ تھینکس گیونگ سے قبل بڑھتی ہوئی قیمتوں سے نمٹنے کے لیے ایک منصوبہ تیار کریں۔

انھوں نے دو ٹوک کہہ دیا ہے کہ سپر مارکیٹیں اور اسٹورز بڑھتی قیمتوں کو کنٹرول کریں، ورنہ بھاری ٹیکس عائد کیے جائیں گے، وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا پیٹ پالنے کے لیے جدوجہد کرنے والوں کی کمر توڑ کر منافع کمانے نہیں دیں گے، سپر اسٹورز لوگوں کو ریلیف دینے کے لیے جلد پلان پیش کریں۔

واضح رہے کہ کینیڈا میں بڑھتی ہوئی مہنگائی سے لوگ پریشان ہیں، روزمرہ کی اشیا کی قیمتوں میں ساڑھے ا8 فی صد اضافہ ہوا ہے، لوگوں کو ریلیف دینے کے لیے کینیڈین وزیر اعظم نے قرضوں کی ادائیگیوں میں مزید ایک سال چھوٹ دے دی ہے۔ اس فیصلے سے 7 لاکھ سے زائد چھوٹے کاروباروں کو فائدہ ہوگا۔

خیال رہے کہ جسٹن ٹرڈو کی عوامی مقبولیت میں خاصی کمی آ چکی ہے جس کی وجہ سے ان کی قیادت سوالات کی زد پر رہنے لگی ہے، ایسے میں انھوں نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ مصارف زندگی سے متعلق خدشات دور کرنے کے لیے کرائے کے نئے اپارٹمنٹس کی تعمیر پر سیلز ٹیکس معاف کر دیا جائے گا۔

Comments

- Advertisement -