کراچی: شہر قائد میں کرونا وائرس کے باعث اوسط بلنگ کے نام پر شہریوں کو کئی گنا اضافی بل بھیج دئیے گئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں کرونا وائرس کے باعث ایوریج بلنگ کے نام پر کے الیکٹرک کی جانب سے شہریوں کو کئی گنا اضافی بل بھیج دئیے گئے۔
دوسری جانب کے الیکٹرک نے کرونا کو بہانہ بنا کر ایس ایس جی سی سے رواں ماہ گیس کے بل ادائیگی میں ریلیف مانگ لیا۔
کے الیکٹرک کی جانب سے ایس ایس جی سی کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ رواں ماہ گیس بل کی ادائیگی ممکن نہیں ہے تاہم ایس ایس جی سی نے کے الیکٹرک کو گیس کے بل میں چھوٹ دینے سے انکار کردیا۔
ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کاروبار نہیں ہے، لاکھوں روپے کے ایوریج بل کیسے ادا کرسکتے ہیں، ایوریج بلنگ کے الیکٹرک کا ظالمانہ اقدام اور لوٹ مار ہے، کسی صورت ایوریج بل ادا نہیں کریں گے۔
مزید پڑھیں: کراچی لاک ڈاؤن، کے الیکٹرک کا ماہ اپریل میں ایوریج بل بھیجنے کا اعلان
ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات ہوئی ہے انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ بل ڈیفر کرائیں گے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل کے الیکٹرک نے اعلان کیا تھا کہ میٹر ریڈنگ نہ ہونے کے باعث صارفین کو اپریل کے ماہ اوسط بل بھیجے جائیں گے۔
کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ گزشتہ گیارہ ماہ کے بلوں کی بنیاد پر اوسط بلنگ یا گزشتہ سال اپریل کے مہینے میں آنے والے بل کو مدنظر رکھتے ہوئے صارف کو اپریل کے مہینے کا بل بھیجا جائے گا۔
کے الیکٹرک نے وضاحت کی تھی کہ نیپرا کی ہدایت کے مطابق پچھلے گیارہ ماہ یا گزشتہ سال اُسی مہینے کے بل کو دیکھتے ہوئے اوسط ریڈنگ کا بل بھیجا جائے گا۔