کے الیکٹرک نے ملیر میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 1280 کلو گرام وزن کے 150 سے زائد کنڈوں کو پاور یوٹیلٹی کی تنصیبات سے ہٹا دیا۔
کے۔ الیکٹرک کی بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، پاور یوٹیلیٹی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے ملیر میں کارروائی کرتے ہوئے 1280 کلوگرام وزن کے 150 سے زائد غیرقانونی کنکشنز (کنڈوں) کو کے۔ الیکٹرک کی تنصیبات سے ہٹا دیا گیا جس سے ماہانہ 1لاکھ 10 ہزار یونٹ بجلی چوری کی جارہی تھی، کارروائی کے دوران علاقے میں سرگرم کنڈا مافیا کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کروائی گئی۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ غیر قانونی کنکشنز نیٹ ورک کے حفاظتی اصولوں کو نظرانداز کرتے ہیں جس سے کے الیکٹرک کے انفراسٹرکچر کو نقصان اور شہریوں کے لیے حفاظتی خطرات بڑھ جاتے ہیں۔
کے الیکٹرک ترجمان کے مطابق یہ مہم بجلی کی چوری کے باعث ہونے والے نقصانات کو کم کرنے اور رہائشیوں کے لیے خطرات ختم کرکے ایک محفوظ کمیونٹی بنانے کے لیے جاتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اس وقت کے۔ الیکٹرک کا 70 فیصد نیٹ ورک لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہے جب کہ زیادہ چوری والے علاقوں میں نقصانات کم کرنے کی کوششیں جاری ہیں، بجلی کی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی دو اہم عوامل ہیں جس کے ذریعے کسی علاقے میں لوڈشیڈنگ دورانیہ کا تعین کیا جاتا ہے، کم نقصانات والے علاقوں میں معمولی یا بالکل بھی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوتی جو بجلی کے ذمہ دارانہ استعمال اور بروقت ادائیگی کے فوائد کو ظاہر کرتا ہے۔
کے۔ الیکٹرک کی صارفین، کمیونٹی رہنماؤں اور مقامی نمائندوں سے اپیل ہے کہ وہ بجلی چوری کی حوصلہ شکنی کریں اور بلوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں۔