اے آر وائی ڈیجیٹل کے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’کبھی میں کبھی تم‘ میں عماد عرفانی (عدیل) کے جیل جانے کے سین نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی۔
ڈرامہ سیریل ’کبھی میں کبھی تم‘ میں فہد مصطفیٰ (مصطفیٰ)، ہانیہ عامر (شرجینا)، عماد عرفانی (عدیل)، جاوید شیخ (افتخار)، بشریٰ انصاری، نعیمہ بٹ (رباب)، اریج چوہدری، (نتاشا)، مایا خان ودیگر اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔
ڈرامے کی کہانی فرحت اشتیاق نے لکھی ہے جبکہ اس کی ہدایت کاری کے فرائض بدر محمود نے انجام دیے ہیں۔
ڈرامے کی آخری قسط کل 5 نومبر کو اسلام آباد، کراچی اور لاہور سمیت ملک بھر کے سینماؤں میں دکھائی جائے گی۔
کبھی میں کبھی تم کی مقبولیت ناصرف پاکستان بلکہ بھارت، بنگلہ دیش اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سمیت دیگر ممالک میں بھی دیکھی گئی۔
مداح یہ جاننے کے لیے پرجوش ہیں کہ شرجینا اور مصطفیٰ کی محبت کی کہانی کا انجام کیا ہوگا۔
وہیں رباب کی جانب سے عدیل کو دھوکا دینے پر انہیں جیل بھیجنے کے سین نے بھی مداحوں کی توجہ حاصل کی۔
جیل میں قید ایک شخص عدیل سے کہتا ہے کہ شہزادے کو مچھر سونے نہیں دے رہے، وہ جیل میں بھی جھوٹ بولتے ہیں اور کہتے ہیں کہ جھوٹے کیس میں پھنسایا گیا ہے، وہ شخص کہتا ہے کہ یہاں آنے کے بعد ہر شخص یہی کہتا ہے میں بے قصور ہیں۔