کراچی : انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے کامرہ ایئر بیس پر حملے کے ملزم کوچودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کردیا۔
کراچی میں کاؤنٹر ٹیرازم ڈیپارٹمنٹ نے کامرہ ایئر بیس پر حملے کے ملزم کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا۔ ملزم کے قبضے سے خودکش جیکٹس اور بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد کیاگیاتھا۔
فاضل جج نے ملزم کو چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پرسی ٹی ڈی کے حوالے کرکے سماعت ملتوی کردی۔ ملزم کو گذشتہ دنوں کراچی سے حراست میں لیا گیا تھا۔
علاوہ ازیں کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈائریکٹرفشریزمحمدخان چاچڑکا آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔ ملزم کےخلاف ڈیفنس تھانےمیں مقدمہ درج ہے۔ پولیس کے مطابق محمد خان چاچڑ کی نشاندہی پراسلحہ بھی برآمد کیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ جیلراسحاق میوقتل کیس کی سماعت بھی انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی۔ عدالت نےعدم پیشی پراسسٹنٹ سپر نٹنڈنٹ جیل عبدالخالق کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
عدالت نے حکم دیا کہ کیس کے گواہوں کو گرفتار کرکے اکیس ستمبر کو پیش کیا جائے ۔ایک اور کیس میں بھارتی خفیہ ایجنسی را سے تعلق کے الزام میں گرفتار چار افراد کے ریمانڈ میں مزید تین روز کی توسیع کردی گئی۔