کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ زیر حراست رکن سندھ اسمبلی کامران فاروقی کے اعترافی بیانات ماضی کی طرح صرف میڈیا ٹرائل کا حصہ ہیں پہلے بھی متحدہ پر الزامات عائد کیے گئے مگر عدالتوں میں کچھ بھی ثابت نہیں کیا جاسکا۔
ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’’زیرحراست رکن سندھ اسمبلی کے حوالے سے میڈیا پر نشر کیے جانے والے اعترافی بیانات ماضی کی طرح صرف میڈیا ٹرائل ثابت ہوں گے اور الزامات لگانے والوں کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا‘‘۔
ترجمان ایم کیو ایم نے کہا کہ ماضی میں بھی زیر حراست کارکنان کو مجرم بنا کر پیش کیا گیا اور اُن سے منصوب کر کے بیانات چلائے گئے تاہم انہی لوگوں کو عدالت نے رہا کیا۔
پڑھیں: ’’ ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے ‘‘
متحدہ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ماضی کی طرح اس بار بھی جھوٹے بیانات نشر کرنے والوں کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ عدالتوں یہ باتیں عدالتوں میں ثابت نہیں کی جاسکتیں۔
مزید پڑھیں: ’’ ایم کیو ایم کے گرفتار رکن اسمبلی کے خلاف مقدمات درج ‘‘
ترجمان نے کہا کہ ایم کیو ایم پرامن جمہوری جماعت ہے جو ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام اور کرپشن کے خاتمے کے لیے اپنی جدوجہد میں مصروف عمل ہے تاکہ ملک میں غریبوں کی حکمرانی قائم کی جاسکے۔