ممبئی: اکثر اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں رہنے والی بالی وڈ کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت نے خود کو بدتمیز قرار دے دیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کنگنا رناوت نے خود پر ہونے والی تنقید کا جواب دیا۔ انہوں نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری اپڈیٹ کی جو اس وقت موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔
کنگنا رناوت اسٹوری میں لکھتی ہیں کہ اس بات پر دائیں اور بائیں بازو والے سب متفق ہیں کہ میں بہت بدتمیز، متشدد اور انتہا پسند ہوں۔
متعلقہ: نوشین شاہ بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت سے کیوں ملنا چاہتی ہیں؟
اداکارہ نے مزید لکھا کہ مجھے تشدد پسند ہے اور تشدد کو بھی میں پسند ہوں، میں تھوڑی بگڑی ہوئی اور بہت زیادہ ضدی ہوں، اس کے علاوہ میں خطرناک حد تک باصلاحیت بھی ہوں۔
آخر میں وہ لکھتی ہیں کہ ’اس کو کہتے ہیں بیٹ مین، وہی ہوں میں۔‘