کراچی : بھتہ نہ دینے پر دکاندار کو قتل کرنے والے گینگ وار عبدالصمد گروپ کے دو انتہائی مطلوب کارندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نیوکراچی انڈسٹریل ایریا میں بھتے کے تنازعہ پر قتل اور زخمی کے واقعے پر اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ نے گینگ وار کے 2 کارندوں کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان میں محمد عمر اور یوسف شامل ہیں، ملزمان کا تعلق گینگ وار عبد الصمد گروہ سے ہے، ملزمان پان چھالیہ اور ٹھیلے والوں کو بھتے کی پرچیاں دیتے تھے۔
حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان نے چند روز قبل بھتہ نا دینے پر دکاندار کو قتل اور 2 کو زخمی کیا تھا تاہم ملزمان کیخلاف دہشت گردی، قتل، اقدام قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات تھے۔
پولیس نے کہا کہ کیس پر اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کام کررہی تھی، ملزم یوسف پہلے بھی بھتہ خوری میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔
حکام کے مطابق ملزمان نے26 فروری کو زبیر چاٹ والے کے گھر فائرنگ کی تھی جبکہ 4 مارچ کو نیوکراچی میں پان چھالیہ والوں پر بھی فائرنگ کی اور فائرنگ کی زد میں آکر 3 سالہ بچہ بھی زخمی ہوا تھا تاہم گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔