کراچی: شہر قائد میں کرونا ایمرجنسی ڈیوٹی سے غیر حاضر 20 پولیس افسر اور اہلکاروں پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں کرونا وائرس کے پیش نظر لگائی جانے والی ایمرجنسی ڈیوٹی سے غیرحاضر 20 پولیس افسر، اہلکاروں پر ایس ایس پی نے جرمانہ عائد کردیا۔
پولیس افسران، اہلکاروں کو 3 ہزار روپے یومیہ کے حساب سے جرمانہ عائد کیا گیا ہے، تمام افسران اور اہلکار کرونا ایمرجنسی ڈیوٹی کے دوران غیرحاضر تھے۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق جن پولیس افسران و اہلکاروں پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے ان میں انسپکٹر، سب انسپکٹر، اے ایس آئی اور ہیڈ کانسٹیبل اور سپاہی رینک کے لوگ شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: کرونا وائرس کے خلاف ایڈیشنل آئی جی کراچی کا بڑا اقدام
واضح رہے کہ کرونا وائرس پیش نظر کراچی سمیت سندھ بھر میں 22 مارچ کو لاک ڈاؤن کیا گیا تھا، لاک ڈاؤن کے دوران پولیس افسران و اہلکار ایمرجنسی ڈیوٹی پر مامور ہیں۔
لاک ڈاؤن کے دوران گھروں سے باہر نکلنے والے شہریوں سے پولیس کی جانب سے وجہ پوچھی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ 16 مارچ کو کرونا وائرس کے پیش نظر ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی تھیں۔
ایڈیشنل آئی جی نے احکامات جاری کیے تھے کہ پولیس اسٹیشنز، ایس ایس پیز، زونل ڈی آئی جیز کی سطح پر نفری میں اضافہ کیا جائے اور شادی ہال اور عارضی بازاروں کی بندش کی پابندی یقینی بنائی جائے۔