کراچی: شہر قائد میں چوبیس گھنٹوں کے دوران تین مبینہ پولیس مقابلوں میں 4 ڈاکو مارے گئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے سچل، نارتھ کراچی اور سائٹ ایریا میں تین مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 4 ڈکیت ہلاک ہوگئے، ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ و مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق نیو کراچی میں پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ سچل میں بھی پولیس مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک ہوئے، سائٹ ایریا میں پولیس کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک اور ساتھی فرار ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق سچل کے علاقے میں تین ملزمان شہری سے لوٹ مار کرکے فرار ہورہے تھے پولیس موقع پر پہنچے تو ملزمان کی جانب سے فائرنگ کی گئی فائرنگ کے تبادلے میں دو ملزمان ہلاک ہوگئے جبکہ ملزمان کا ایک ساتھی زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
دوسرا پولیس مقابلہ نارتھ کراچی سلیم سینٹر کے قریب ہوا جس میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک ہوا جبکہ دوسراملزم زخمی حالت میں فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔
ادھر سائٹ ایریا میں حبیب بینک چورنگی کے قریب ملزمان سے فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار جہانگیر زخمی ہوگیا، پولیس کی فائرنگ سے ایک ڈکیت ہلاک اور ساتھی فرار ہوگیا، زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، آئی جی سندھ نے ایس ایس پی کیماڑی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔