بدھ, جون 25, 2025
اشتہار

کراچی: سندھ سیف سٹی پراجیکٹ کی مدد سے 4 ڈاکو کیسے پکڑے گئے؟ جانیے اس رپورٹ میں

اشتہار

حیرت انگیز

سندھ سیف سٹی پراجیکٹ کی مدد سے جرائم کے خلاف پہلی کارروائی کرتے ہوئے کراچی میں چار روز قبل ڈکیتی کرنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے عوام کو تحفظ فراہم کرنے اور جرائم کی بیخ کنی کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے سندھ سیف سٹی پراجیکٹ شروع کیا گیا جس نے جرائم کے خلاف پہلی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے چار ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔ ان کے قبضے سے اسلحہ اور جعلی نمبر پلیٹ لگی کار بھی برآمد کی گئی ہے۔

گرفتار ملزمان نے چار روز قبل کراچی جنوبی کے علاقے میں 9 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی تھی اور جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے تھے۔

ان ملزمان کے گرد کیسے گھیرا تنگ کیا گیا اور کیسے انہیں پکڑا گیا۔ اس کی تفصیلات بتاتے ہوئے ڈی جی سیف سٹی پراجیکٹ آصف اعجاز شیخ نے بتایا کہ ملزمان نے چار روز قبل آرام باغ کے علاقےمیں بینک سے 9 لاکھ 20 ہزار روپے کی رقم لے کر نکلنے والے شہری کو لوٹا تھا۔ ملزمان نے لوٹ مار کے وقت کار پر جعلی نمبر پلیٹ لگا رکھی تھی۔

ڈی جی کے مطابق یہی ملزمان واردات کے اگلے روز کار پر دوسری نمبر پلیٹ لگا کر پھر اسی علاقے میں آئے اور آج چوتھے روز تیسری نمبر پلیٹ لگا کر واردات کے لیے پہنچے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ اسمارٹ کیمرے کی مدد سے گاڑی کو پہلے ہی شناخت کر لیا گیا تھا۔ جب ملزمان کو روکنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔

یہ بھی پڑھیں: سیف سٹی پراجیکٹ پہلے مرحلے کا آغاز، کراچی کے 4 اضلاع کی مکمل پولیس مانیٹرنگ شروع

ڈی جی سیف سٹی نے بتایا کہ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ملزمان پر قابو پایا اور اب انہیں آرام باغ تھانےکے حوالے کر دیا گیا ہے۔

 

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں