کراچی: شہر قائد کے علاقے جمشید کوارٹرز سے لاپتا ہونے والے 5 سالہ بچے کی لاش گھر کے قریب گٹر سے برآمد ہوئی ہے، بچے کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے جمشید کوارٹرز کا رہائشی 5 سالہ بچہ کیلون دو روز سے لاپتا تھا، بچے کی لاش گھر کے قریب گٹر سے برآمد ہوئی ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کے ایم سی کی نااہلی کی وجہ سے بچہ جان کی بازی ہار گیا، گٹر کے اوپر ڈھکن موجود نہ ہونے کی وجہ سے بچہ گٹرمیں جاگرا۔
کیلون اپنے تین دوستوں کے ہمراہ جارہا تھا، تینوں دوست آگے تھے جبکہ کیلون پیچھے کی جانب تھا اچانک یہ کھلے مین ہول کے اندر گرا، دو روز سے لاپتا بچے کی لاش آج گٹر کی صفائی کے دوران برآمد ہوئی۔
معصوم بچے کے والدین کا کہنا ہے کہ مشاورت کے بعد کے ایم سی کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے گی۔
مزید پڑھیں: کراچی: نالے میں گرنے والے 3 بچے دم توڑ گئے
واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں کراچی کے علاقے نصرت بھٹو کالونی میں تین بچے نالے میں گر گئے تھے بچوں کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ دم توڑ گئے تھے۔
خیال رہے کہ کراچی میں سیوریج کے نالوں اور گٹر میں آئے دن بچے گرنے کے واقعات رو نما ہو رہے ہیں، جن کے تدارک کے لیے شہری انتظامیہ نے تاحال کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے ہیں۔