کراچی : پولیس نے ڈیفنس کے بنگلوں سے چوری کرنے والے چھ رکنی گینگ کو گرفتار کرلیا ، ملزمان سیکیورٹی گارڈز سے مخبری لے کر وارداتیں کرتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے ڈسٹرکٹ ساوتھ زون میں ساحل پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈیفنس کے بنگلوں میں چوری کرنے والے چھ رکنی گینگ کے پانچ ملزمان کو گرفتارکرکے مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ملزمان سیکیورٹی گارڈز سے مخبری لے کر اور ساتھ مل کر وارداتیں کرتے تھے، ملزمان ڈفینس فیز 8 کے ویئر ہاوٴس سمیت دیگر وارداتوں میں ملوث ہیں۔
ملزمان کی شناخت رفیع اللہ، ساجد، خاتم، عصمت اور شفیق کے ناموں سے ہوئی۔
دوسری جانب درخشاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے ،ملزم خورشید درخشان اور گزری کے علاقے میں 20 سے زائد چوری کی وارداتیں کرچکا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے دو ساتھی فرار ہیں جن کی تلاش جارہی ہے تاہم ملزم کے قبضہ سے اسلحہ اور چوری شدہ زیورات بھی برآمد کرلئے گئے ہیں۔