کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں بے قابو ہوگئیں چند روز میں 9 شہریوں کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کردیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے جمشید کوارٹر میں بینک سے رقم نکلوا کر جانے والے شہری کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کردیا گیا جبکہ ڈاکو کی فائرنگ سے ان کا اپنا ساتھی بھی مارا گیا۔
مقتول نوجوان بینک سے دو لاکھ روپے کی رقم نکلوا کر اپنی دکان جارہا تھا۔
ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے زخمی ہونے والے نوجوان احمد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لیاقت آباد میں پنکچر والے کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کردیا گیا تھا جبکہ ملیر سعود آباد میں ایک دکاندار کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق یکم ستمبر سے اب تک چھ دنوں میں 9 شہریوں کو قتل کردیا گیا ہے جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کسی ایک واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتار نہیں کرسکی ہے۔
یاد رہے کہ پولیس کی جانب سے اسٹریٹ کرائمز پر قابو پانے کے لیے موٹر سائیکل اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تھا لیکن پھر بھی وارداتوں میں کمی نہیں آسکی ہے۔