کراچی: 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ اور پیپلز بس سروس کی توڑ پھوڑ میں ملوث ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے شارع فیصل کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 9 مئی کو دہشت گردی اور ہنگامہ آرائی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی ایسٹ عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ ملزم ذیشان پیپلز بس سروس کی توڑ پھوڑ میں ملوث تھا، گرفتار ملزم کیخلاف پولیس کے پاس ویڈیو ثبوت موجود ہیں۔
ایس ایس پی عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم پولیس کی جلائی گئی وین کے اندر بھی داخل ہوا، ملزم ذیشان سوشل میڈیا کے لیے اپنی ویڈیوز بنواتا رہا، ملزم کے خلاف دہشتگردی، جلاؤ گھیراؤ ہنگامہ آرائی کا مقدمہ درج ہے۔
واضح رہے کہ 9مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کو گرفتار کرلیا گیا تھا جس کے بعد ملک بھر میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔
کراچی میں بھی ان کی گرفتاری کیخلاف احتجاج کیا گیا ، اس دوران پیپلز بس سروس کی بسوں کو نقصان بھی پہنچایا گیا اور توڑ پھوڑ کی گئی تھی جبکہ ریڈ بس کو بھی آگ لگا دی گئی تھی۔