کراچی: شہر قائد میں اینٹی کرپشن نے کارروائی کرتے ہوئے محکمہ اسکول ایجوکیشن ہیومن ریسورس کے ڈائریکٹر محمد حسین سومرو کو گرفتار کرلیا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق اینٹی کرپشن ایسٹ زون نے سندھ سیکریٹریٹ میں چھاپہ مار کر رشوت لینے والے محکمہ اسکول ایجوکیشن ہیومن ریسورس کے ڈائریکٹر محمد حسین سومرو کو گرفتار کرلیا۔
ملزم 13 سال سے محکمہ اسکول ایجوکیشن ہیومن ریسورس میں ڈائریکٹر تعینات تھا، محمد حسین سومرو نے 950 اساتذہ کو غیرقانونی طور پر بھرتی کیا تھا جن سے فی کس 2 لاکھ روپے رشوت وصول کی گئی تھی۔
محمد حسین سومرو نے تین صوبائی وزرا سہیل انور سیال، مرتضیٰ وہاب اور ناصرحسین شاہ کے نام پر مزید 20 کروڑ کی رقم بھی ان تمام اساتذہ سے طلب کی تھی۔
رپورٹ کے مطابق ملزم نے اینٹی کرپشن حکام کے سامنے اعتراف کیا کہ میں نے ملازمین کو بتایا اگر تمام کنٹریکٹ اساتذہ کو مستقل ہونا ہے تو ریجنل سپورٹ یونٹ کے نام سے کمیٹی بنائی گئی ہے جس میں مرتضیٰ وہاب اور ناصر شاہ شامل ہیں وہ ٹیچرز کو مستقل کریں گے۔
ملزم نے اساتذہ کو مستقل کرانے کے نام پر فی کس 5 لاکھ روپے طلب کیے تھے، ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ایسٹ ضمیر عباسی کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔