اشتہار

ڈاکوؤں نے اے ٹی ایم سے پیسے نکال کر جانے والی خاتون کو گولی مار دی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: ڈاکوؤں نے کراچی کے علاقے تیمیوریہ میں اے ٹی ایم سے پیسے نکال کر جانے والی ایک خاتون کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے تیموریہ کی حدود ففٹین اے ون میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے خاتون زخمی ہو گئیں، پولیس حکام نے بتایا ہے کہ 3 خواتین اے ٹی ایم سے پیسے نکال کر واپس جا رہی تھیں، اس دوران لٹیرے پہنچ گئے۔

پیسے چھیننے کی واردات کے دوران خواتین کی جانب سے مزاحمت کی گئی، جس پر لٹیروں نے فائرنگ کر دی، اور ایک خاتون زخمی ہو گئی جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

- Advertisement -

ادھر کراچی کے علاقے کورنگی، شاہ فیصل کے قریب شہری نے لوٹ مار کرنے والے ایک ملزم کو پکڑ لیا، جو باغ کورنگی کے قریب شہری سے نقدی اور موبائل فون چھین کر بھاگ رہا تھا، متاثرہ شہری نے تعاقب کے بعد شاہ فیصل ناتھا خان گوٹھ کے قریب ملزم کو پکڑ لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ناتھا خان گوٹھ کا رہائشی ہے، جس کا ساتھی اسلحہ سمیت فرار ہو گیا ہے، گرفتار ملزم کو تھانے منتقل کر دیا گیا ہے اور اس سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک میں ایل میں بھی 4 ملزمان نے لوٹ مار کی واردات کی ہے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی اے آر وائی نے نشر کی، 2 موٹر سائیکلوں پر 4 لٹیرے آئے اور شہریوں سے لوٹ مار کی، واردات کے دوران 4 شہریوں سے موبائل فون اور نقدی چھینی گئی۔

گزشتہ رات کراچی میں کئی پولیس مقابلے بھی ہوئے، اے وی سی سی نے ملیر ولایت شاہ مزار کے قریب مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، جن کی شناخت ولی اور فاروق کے نام سے ہوئی ہے، ایس ایس پی اے وی سی سی کے مطابق گرفتار ملزمان مختلف علاقوں میں وارداتیں کر چکے ہیں۔

کراچی کے علاقے گلشن معمار کریم شاہ مزار کے قریب بھی ایک مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، ریسکیو ذرائع کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جس کی شناخت عبدالقدیر کے نام سے ہوئی ہے جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں