کراچی کے علاقے بہادر آباد میں کم عمر لڑکے کو گھیر کر 6 ملزمان موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے بہادر آباد کوکن گراؤنڈ کے قریب 6 ملزمان نے کم عمر لڑکے کو گھیرا اور موٹر سائیکل چھیننے کی واردات کی جس کی ویڈیو بھی منظرعام پر آگئی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب لڑکے نے مزاحمت کی تو ملزمان نے تھپڑ مارے اور اس پر پستول بھی تان لی۔
متاثرہ نوجوان نے اسلحہ دیکھ کر موٹر سائیکل دے دی اور اپنی جان بچائی۔
شہریوں کے مطابق واردات کے دوران سڑک پر راہگیروں سے زیادہ ملزمان موجود ہیں۔
واضح رہے کہ سی پی ایل سی کے مطابق کراچی میں رواں سال کے 7 ماہ میں اسٹریٹ کرائم کی 44 ہزار وارداتیں ہوچکی ہیں۔
اسٹریٹ کرائم کی ان وارداتوں میں سب سے زیادہ شہریوں کو موٹرسائیکلوں سے محروم کیا گیا، ملزمان نے سال 2024 کے پہلے 7 ماہ کے دوران 31 ہزار سے زائد موٹرسائیکلیں چوری کیں یا انھیں شہریوں سے چھین لیا گیا۔
شہر میں موبائل فون سے محروم ہونے والوں کی تعداد بھی کم نہیں ہے، اس عرصے کے دوران 11 ہزار 800 سے زائد شہریوں کو فونز سے محروم کیا گیا۔
اسٹریٹ کرائم میں 1200 شہریوں کو گاڑیوں سے محروم ہونا پڑا، چھینی گئیں صرف 1 ہزار 50 موٹر سائیکلیں، 220 گاڑیاں اور 120 موبائل فونز ریکوور ہوئے۔