کراچی : ڈیفنس فیز ون میں ڈکیتی مزاحمت پر شہری کے قتل کا مقدمہ مقتول کے بھائی شاکر سلطان کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز ون میں ڈکیتی مزاحمت پر شہری کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مقدمہ مقتول عامرسلطان کے بھائی کی مدعیت میں ڈیفنس تھانے میں درج کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ بھائی نے فیملی کیساتھ رشتے داروں سے ملنے حیدرآباد جانا تھا، پونے 2 بجے بھائی اترا اور گاڑی کا پانی چیک کرنے لگا۔
مدعی مقدمے شاکر سلطان نے بتایا کہ دو موٹر سائیکلوں پر 3 ملزمان آئے، ایک موٹر سائیکل والا دورکھڑا ہوگیا، 2 ملزمان قریب آئے، دونوں ملزمان اسلحہ دکھا کر لوٹ مار کرنے لگے۔
مقدمے میں کہنا تھا کہ بھائی نے مزاحمت کی اور ملزم سے ہاتھا پائی کرنے لگا، دوسرے ملزم نے بھائی پر فائرنگ کی ، موبائل و دیگر سامان چھین کر فرار ہوگئے، میں نیچے اترا اور دیکھا تو بھائی کے سر پر گولی لگی ہوئی تھی، جناح اسپتال پہنچے تو ڈاکٹرز نے کہا بھائی انتقال کرچکا ہے۔
مزید پڑھیں : کراچی : ڈیفنس فیز ون میں دل دہلا دینے والا واقعہ ، 8 سالہ بچے کے سامنے باپ قتل
ایس ایس پی ساؤتھ مہزورعلی نے واقعے کے حوالے سے بتایا کہ شہری نے بہت مزاحمت کی اس لیےملزمان نے گولیاں ماریں، شہری کےپاس ہتھیار بھی نہیں تھااس کےباوجود لڑتا رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ واقعے سے کچھ دیر پہلے وہاں سے پولیس موبائل بھی گزری تھی، پولیس موبائل جب اگلی گلی میں گئی توڈاکوؤں نےفائدہ اٹھایا، ڈاکوشہری کا موبائل فون لیکر گئے ہیں جواس وقت بند ہے۔
دوسری جانب کراچی ڈیفنس فیزون میں ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونے والے شہری عامر سلطان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ ایس ایس پی اور ڈی ایس پی سمیت علاقہ مکینوں کی بھی بڑی تعداد شریک ہوئی۔