کراچی : سہراب گوٹھ کچی آبادی میں میاں بیوی کے قتل کے واقعے میں فائرنگ سے دو نہیں بلکہ تین اموات ہونے کا انکشاف سامنے آیا۔
کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ کچی آبادی میں میاں بیوی کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا مقدمہ مقتول اعظم کے بھائی ہاشم کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
مدعی مقدمے نے بتایا کہ اعظم کی شادی 10 سے12 سال قبل گل بی بی سےہوئی تھی، میرے بھائی مقتول اعظم کے 2 بیٹے اور3 بیٹیاں تھیں۔
مقدمے میں کہا گیا کہ پہلی بیوی خال بی بی سے 25 سال پہلے شادی ہوئی تھی خال بی بی افغانستان میں رہتی ہیں جس سے 4 بیٹے اور1 بیٹی ہوئی۔
متن میں کہا گیا کہ مجھے محلے والوں نے بتایا کہ بھائی کے گھر پر فائرنگ ہوئی ہے میں گھر آیا تو بھائی بھابھی گولیاں لگنے سے فوت ہوچکے تھے۔
مدعی نے کہا کہ میری بھابھی 5 ماہ کی حاملہ بھی تھی ، نامعلوم رنجش پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے دونوں کو قتل کیا، اپیل ہے کہ ملزمان کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
مزید پڑھیں : کراچی : نامعلوم ملزمان نے گھر میں گھس کر میاں بیوی کو قتل کردیا
یاد رہے دو روز قبل کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ کے قریب کچی آبادی میں فائرنگ سے میاں بیوی جاں بحق ہوگئے تھے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ میاں بیوی کے سروں پر گولیاں ماری گئی، مقتول کی شناخت محمد اعظم اور خاتون کی شناخت گل بی بی کے نام سے ہوئی ہے، دونوں کی عمریں 45 سے 50 سال کے درمیان ہیں۔
پولیس نے مزید بتایا تھا کہ مقتول نے دو شادیاں کر رکھی تھی اور پہلی بیوی افغانستان گئی ہوئی ہے، مقتول اعظم گارمنٹس فیکٹری میں کام کرتا ہے۔
حکام نے دعوی کیا تھا کہ افغانستان میں موجودپہلی بیوی نے اپنے شوہر اور سوتن کو قتل کرایا اور قتل کی واردات مکمل منصوبہ بندی سے کی گئی۔