کراچی : گلستان جوہر رابعہ سٹی کے قریب گاڑی سے 3 افراد کو کچلنے والا شخص وزیراعلی ہاؤس میں ہیلی کاپٹر انجینئر نکلا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر رابعہ سٹی کے قریب تیز رفتاری کے باعث ٹریفک حادثے کا ذمہ دار وزیراعلی ہاؤس کا ہیلی کاپٹر انجینیئر نکلا۔
زیرحراست مشتاق کے خلاف تاحال مقدمہ درج نہیں کیا گیا ، لواحقین کی جانب سے آج مقدمہ درج کروایا جائے گا۔
گذشتہ روز کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے تھے ، حادثے میں جاں بحق شخص مکینک کا کام کرتا تھا، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا تاہم ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں : کراچی : تیز رفتار سرکاری گاڑی نے 3 افراد کو کچل ڈالا
پولیس کا کہنا تھا کہ جاں بحق شخص دو گاڑیوں کے درمیان دب گیا تھا، متوفی کا تعلق پنجاب سے ہے۔
عینی شاہد نے بتایا تھا کہ گاڑی تیز رفتار میں آئی اور متعدد گاڑیوں کو ٹکر مار کر مکینک کو کچل دیا، گاڑی پر سرکاری نمبرپیلٹ لگی ہوئی تھی۔
حکام کا کہنا تھا کہ حادثے میں ایک موٹر سائیکل تو مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔