کراچی : سفاک بیٹے نے ڈکیت سیکیورٹی گارڈ کو پیسے دیکر بوڑھے والد کو قتل کروادیا اورکہا بڈھا مر گیا ہے اب تو پیسے ہی پیسے ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں زمان ٹاؤن پولیس کےہاتھوں گرفتار ملزم کے دوران تفتیش انکشافات سامنے آئے ، کورنگی 51 سی موڑ پر 18 فروری کو متین نامی شہری قتل ہوا تھا۔
ایس ایس پی کورنگی طارق نواز نے بتایا کہ مقتول متین کا کورنگی میں کیبل کا کام تھا اور ملزم دانش اپنے والد کے ساتھ کام کرتا تھا، کام کے دوران ملزم دانش اپنی خاتون دوست کیلئے پیسوں کی ہیر پھیرکرتا تھا۔
طارق نواز کا کہنا تھا کہ والد کو بیٹے کے کرتوت کا پتہ چلا تو مار کر کام سے نکال دیا تو ملزم نے طیش میں آکر والد کے قتل کا منصوبہ بنایا۔
ایس ایس پی کورنگی نے مزید بتایا کہ دانش مجرمانہ ذہنیت کا حامل اور ڈکیتیاں بھی کرتا تھا، ملزم نے اپنے ساتھی سیکیورٹی گارڈ کو واردات کیلئے 3 لاکھ دیے، سیکیورٹی گارڈ سیال احمد نجی کمپنی میں کام کرتا تھا۔
طارق نواز نے کہا کہ ملزم نے بیوی کے ذریعے والد کی ریکی کروائی اور متین کے گھر سے نکلنے پر ملزم سیال نے اسے گولیاں مارکرقتل کیا، فائرنگ کے واقعے میں دانش کا بہنوئی بھی زخمی ہوا تھا۔
ایس ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ ملزم نے خاتون دوست سے 50 ہزار لیکر ٹارگٹ کلر کو دیے اور کہا بڈھا مر گیا ہے اب تو پیسے ہی پیسے ہوں گے، قتل اور منصوبہ بندی میں شریک 5 ملزمان گرفتار کرلیا ہے اور ٹارگٹ کلر سیال احمد کی تلاش جاری ہے۔