کراچی: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے حب ریور روڈ سے لیاری گینگ وار اور عمر کچھی گروپ کے کارندے کو گرفتار کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی سول لائن نے حب ریور روڈ سے لیاری گینگ وار اور عمر کچھی گروپ کا کارندہ گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم شاہد چینا سے دستی بم اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزم عمر کچھی کا قریبی ساتھی ہے، ملزم سندھ، کراچی میں حالیہ دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
انچارج سی ٹی ڈی علی رضا کے مطابق ملزم کے خلاف قتل اور ڈکیتیوں کے کئی مقدمات درج ہیں، ملزم نے لیاری کے علاقے بغدادی میں 2008 میں امین بخش کو قتل کیا تھا۔
مزید پڑھیں: کراچی، سی ٹی ڈی کی کارروائی، متعدد افراد کے قتل میں ملوث 4 ملزمان گرفتار
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم شاہد چینا نے کھارادر میں 2008 میں واردات کی تھی، ملزم نے 2013 میں کھارادر مارکیٹ میں سیاسی کارکن کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے 4 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیا تھا، گرفتار چاروں ٹارگٹ کلرز کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے۔
انچارج سی ٹی ڈی علی رضا کا کہنا تھا کہ گرفتار ٹارگٹ کلرز دیگر سنگین وارداتوں میں بھی ملوث ہیں، گرفتار ٹارگٹ کلرز کے نام فرحان، مظہر، عاطف اور فرخ ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا تھا کہ فرحان علی یونٹ 99 کھوکھراپار کا سرگرم کارکن ہے، فرحان علی حیدر نے 5 افراد کی ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کیا ہے۔